کراچی، مختلف پولیس مقابلوں میں 7 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار

Express News کراچی، مختلف پولیس مقابلوں میں 7 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلوں کے دوران زخمی حالت میں سات ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے عزیزآباد میں اندرون روڈ وائٹ ہاؤس اسکول بھنگوریہ گوٹھ بلاک 8 کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق مقابلے کے نتیجے میں دو ملزمان شعیب عرف کاشی ولد محمد اسلم اور محمد علی عرف علی ولد منیر احمد زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول اور سات زندہ راؤنڈ برآمد ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مشتبہ حالت میں موجود تھے اور پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم جوابی کارروائی میں زخمی ہو کر گرفتار ہوگئے۔ دونوں ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کے مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ ادھر ضلع شرقی کے علاقے خالد بن ولید روڈ پر وفاقی سول حساس ادارے اور فیروزآباد پولیس کی  مشترکہ کارروائی کے دوران ملزمان سے مقابلہ ہوا جس میں دو زخمی  سمیت تین ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق بین الصوبائی ڈکیت گروہ سے ہے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔ ادھر تھانہ سرسید کی حدود انڈا موڑ سیکٹر 10 یونس مسجد کے قریب پولیس مقابلے کے دوران دو ملزمان محمد ندیم ولد محمد بخش اور نظام الدین ولد رب نواز زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور ٹی ٹی پستول، پانچ زندہ راؤنڈ، تین موبائل فون، نقد رقم، بٹوہ اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔دریں اثنا تھانہ ایف بی انڈسٹریل ایریا کی حدود سہراب گوٹھ بس اسٹاپ کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت سفیان ولد اشرف کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان ایک شہری تنویر، اس کی اہلیہ اور چار سالہ بچی سے اسلحے کے زور پر موبائل فون، پرس اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس موبائل نے تعاقب کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ برآمد شدہ سامان متاثرہ خاندان سے لوٹا گیا تھا۔

source https://www.express.pk/story/2816365/karachi-7-suspects-arrested-in-injured-condition-in-various-police-encounters-one-escapes-2816365/
  • Deskripsi

  • Publisher

    Wasu Tv HD
  • Tag

    Express News