پولیس پر حملے کے بعد فرار ہونے والے زیر حراست ملزمان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک

Express News پولیس پر حملے کے بعد فرار ہونے والے زیر حراست ملزمان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک
راولپنڈی پولیس کی حراست میں موجود دو ملزمان کو ساتھیوں نے حملہ کر کے فرار کروایا تاہم کارروائی میں دونوں مقابلے کے دوران ہلاک ہوگئے۔ راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے مغل پڑی میں قتل  و اقدام قتل کے مقدمے میں ملوث ملزمان کو آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے لے جانے والی پولیس ٹیم پر ملزمان کے ساتھیوں نے دھاوا بولا اور مزاحمت کے بعد دنوں ملزمان کو فرار کروایا تاہم صدر بیرونی کے علاقے میں پولیس ٹیم سے آمنا سامنا ہوگیا مبینہ پولیس مقابلے میں فرار ہونے والے دونون ملزمان ہلاک ہوگئے  جبکہ ساتھی فرار ہوگئے۔  پولیس کے مطابق سنگین جرائم کی تفتیش کے لیے متحرک سیل ایچ آئی یو کے انسپکٹر فیروز کی سربراہی میں پانچ رکنی ٹیم چار ماہ قبل  روات کے علاقے میں گارڈ کو قتل اور دیگر کو زخمی کرنے کے جرم میں گرفتار دو ملزمان عباد اور اشفاق کو آلہ قتل وغیرہ کی برآمدگی و نشاندہی کے لیے لے جارہی تھی۔ پولیس ٹیم مغل پڑی روات انڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب پہنچی تو کار اور موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس ٹیم پر دھاوا بول دیا، جس کے بعد شدید مزاحمت کر کے دونوں ملزمان کو چھڑوایا اور ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔ سنگین واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے نوٹس لیکر ایس پی صدر انعم شیر  کو فوری موقع پر پہنچے اور ملزمان کو ٹریس کرنے کا ٹاسک سونپا۔ ملزمان کے فرار کےبعد ضلع بھر کی ناکہ بندی کی گئی، اس دوران صدر بیرونی کے علاقے سے پولیس کو پانچ کار سواروں کی جانب سے گاڑی چھیننے کی اطلاع ملی تو ایس ایچ او صدر بیرونی انسپکٹر زاہد ظہور کی سربراہی میں پولیس ٹیم  نے مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی جس پر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں روات کے علاقے سے فرار ہونے دونون ملزمان اشفاق اور عباد شدید زخمی ہوئے اور اسپتال منتقلی سے پہلے ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش کیلیے آپریشن جاری ہے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان سے جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا، واقعے کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے۔  سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر  ایس پی صدر،  اور صدر بیرونی پولیس کو شاباش دی اور کہا ہے کہ  شہریوں اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

source https://www.express.pk/story/2812016/rawalpindi-police-custody-suspect-killed-2812016/
  • Deskripsi

  • Publisher

    Wasu Tv HD
  • Tag

    Express News