اورنگی ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے پولیس کا اے ایس آئی جاں بحق

Express News اورنگی ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے پولیس کا اے ایس آئی جاں بحق
اورنگی ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے شدید زخمی پولیس کا اے ایس آئی جاں بحق ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی میں جھگڑے کے دوران کی گئی فائرنگ سے پولیس کا اے ایس آئی ابرار شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق مقتول اے ایس آئی منگھوپیر تھانے میں تعینات تھا جس کا اپنے رشتے داروں سے کسی تنازعہ پر لڑائی جھگڑا ہوا تھا اس دوران کی گئی فائرنگ سے وہ زخمی ہو کر جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن خمیسو خان نے بتایا کہ مقتول اے ایس آئی ابرار کو اس کے قریبی رشتے داروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا ان کے درمیان جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا، جائے وقوع سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں جبکہ مقتول کو چہرے ، سر اور پسلیوں کے قریب گولیاں لگی تھیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان منگھوپیر کے رہائشی ہیں اور جب پولیس ان کی رہائش گاہ پہنچی تو وہ فرار ہو چکے تھے تاہم پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے جنھیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ پولیس نے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر کے شواہد حاصل کیے ہیں اور اس حوالے سے پولیس مقتول کے اہل خانہ سے بھی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

source https://www.express.pk/story/2809676/police-asi-killed-in-shooting-during-argument-in-orangi-town-2809676/
  • Deskripsi

  • Publisher

    Wasu Tv HD
  • Tag

    Express News