لبنان پر اسرائیلی حملے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں، ہمارے ہاتھ اب بھی ٹرگر پر ہیں؛ ایران

Express News لبنان پر اسرائیلی حملے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں، ہمارے ہاتھ اب بھی ٹرگر پر ہیں؛ ایران
ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکہ دہی سے مذاکرات بے معنی ہوجائیں گے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے خطے میں کشیدگی مزید اضافہ ہوگا۔ ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملے کھلی خلاف ورزی ہیں جو جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات دھوکہ دہی اور عدم تعمیل کا اشارہ دیتے ہیں جس کے باعث مذاکرات بے معنی ہوجاتے ہیں۔ ایرانی صدر نے مزید واضح کیا کہ ایران اپنے لبنانی بھائیوں اور بہنوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ایران اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ہمارے ہاتھ ٹرگر پر رہیں گے۔ یہ بیان ایک روز بعد سامنے آیا جب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے لبنان میں 100 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا جنھیں وہ حزب اللہ کے ٹھکانے قرار دیتا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ پر جہاں ضروری سمجھے گا، حملے جاری رکھے گا۔ ادھر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی دشمن کو واضح قیمت چکانا ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنان جنگ بندی کا لازمی حصہ ہے اور اس معاملے میں کسی انکار یا پسپائی کی گنجائش نہیں۔ ایرانی پارلیمان کے اسپیکر نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آگ کو فوری طور پر بجھایا جائے تاکہ خطے میں مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔  

source https://www.express.pk/story/2807765/hands-on-trigger-irani-president-on-israel-attack-lebanon-hezbollah-ceasefire-2807765/
  • Deskripsi

  • Publisher

    Wasu Tv HD
  • Tag

    Express News