اسمگلنگ سے قومی معیشت کو 750 ارب روپے نقصان پہنچنے کا انکشاف

Express News اسمگلنگ سے قومی معیشت کو 750 ارب روپے نقصان پہنچنے کا انکشاف
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں جاری اسمگلنگ کے باعث پاکستان کی رسمی اور دستاویزی معیشت کو 750 ارب روپے (تقریباً 2.7 ارب امریکی ڈالر) کا نقصان پہنچا ہے۔ ایف بی آرکے ممبر کسٹمز آپریشنز شکیل شاہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں کہا کہ اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے نفاذ سے ملک میں دستاویزی معیشت کو فروغ ملے گا اور ڈیوٹی و ٹیکسوں کی چوری روکنے میں مدد ملے گی، ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے ذریعے رسک بیسڈ بیکنگ اور مانیٹرنگ ہوگی۔ چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے سوال اٹھایا کہ کیا ٹیکنالوجی سے لیس انفورسمنٹ اسٹیشنز پر 100 فیصد گاڑیوں اور سامان کی جدید نظام کے ذریعے نگرانی اور ٹریکنگ نہیں ہوگی، جس پر ممبر کسٹمز آپریشنز نے بتایا کہ رسک بیسڈ رینڈم نگرانی ہوگی۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک میں جاری اسمگلنگ کے باعث پاکستان کی رسمی اور دستاویزی معیشت کو 750 ارب روپے (تقریباً 2.7 ارب امریکی ڈالر) کا نقصان پہنچ چکا ہے، اسمگلنگ نے نہ صرف قومی خزانے کو بھاری نقصان سے دوچار کیا بلکہ مقامی منڈیوں کا توازن بھی بگاڑ دیا ہے، جائز کاروبار کو نقصان پہنچایا ہے اور متوازی معیشت کو فروغ دیا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ایف بی آر کے مجوزہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (2026-27) پر غور کیا گیا، جس کے تحت آئندہ مالی سال کے لیے 49 ارب 22 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ ایف بی آر حکام نے بتایا کہ اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام سے 250 ارب روپے کی اضافی وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ممبر کسٹمز آپریشنز شکیل شاہ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بلوچستان میں انسداد اسمگلنگ اقدامات کے نتیجے میں پیٹرولیم سیکٹر سے 188 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ روایتی انسداد اسمگلنگ طریقہ کار سیکیورٹی مسائل، جغرافیائی رکاوٹوں اور وسائل کی کمی کے باعث مؤثر ثابت نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمت عملی کے تحت بلوچستان میں 25 ڈیجیٹل کسٹمز اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ 10 اہم چیک پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، ان ٹیکنالوجی سے لیس انفورسمنٹ اسٹیشنز پر گاڑیوں اور سامان کی جدید نظام کے ذریعے نگرانی اور ٹریکنگ کی جائے گی تاکہ غیر قانونی نقل و حمل کی مؤثر روک تھام ممکن ہو سکے۔ شکیل شاہ نے بتایا کہ فنانس ایکٹ 2025 کے تحت بورڈ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن جاری کرکے کسی بھی مقام کو ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن قرار دے سکے یا کسی موجودہ کسٹمز چیک پوسٹ کو ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کا درجہ دے دے اسی طرح بورڈ کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ ان اسٹیشنز کے عملے، آپریشنز اور ٹیکنالوجی سے متعلق قواعد و ضوابط مرتب کرے۔

source https://www.express.pk/story/2802257/smuggling-economy-750-billion-loss-revealed-2802257/
  • Deskripsi

  • Publisher

    Wasu Tv HD
  • Tag

    Express News